ویب ڈیسک: کراچی کے علاقے بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں ظلم و بربریت کی انتہا کر دی گئی، جہاں سسرالیوں نے مبینہ طور پر داماد کو گھر بلا کر زندہ جلا دیا۔ پولیس کے مطابق متوفی آرتھر کو اس کی اہلیہ مشی نے فون کر کے سسرال بلایا، جہاں پہنچنے پر اس پر تشدد کیا گیا اور بعد ازاں اسے آگ لگا دی گئی۔
تحقیقات کے مطابق آرتھر کو گھر داخل ہوتے ہی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، گیٹ بند کر کے پہلے زدوکوب کیا گیا، پھر اس کی ساس ثمینہ، دو نوجوانوں اور دیگر رشتہ داروں نے مبینہ طور پر آرتھر پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔
متاثرہ شخص نے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل ہونے سے قبل ایک ویڈیو بیان ریکارڈ کروایا، جس میں واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے چھ افراد کو نامزد کیا۔ یہ ویڈیو پولیس کے مطابق مرکزی شہادت کے طور پر تفتیش میں شامل کر لی گئی ہے۔
پڑوسیوں کے شور سننے پر آرتھر کو فوری طور پر سول برنز سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں وہ چند روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آرتھر کے سسر اور چچا سسر کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ دیگر نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ آرتھر کا ویڈیو بیان اس ہولناک واقعے کی تحقیقات میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔