ویب ڈیسک: (علی زیدی) سعودی وزارتِ دفاع کے مطابق رائل سعودی ایئر ڈیفنس فورس نے ٹرمینل ہائی آلٹیٹیوڈ ایریا ڈیفنس (THAAD) میزائل سسٹم کی پہلی یونٹ کو باضابطہ طور پر سروس میں شامل کر لیا ہے۔ یہ افتتاح جدہ میں واقع ایئر ڈیفنس فورسز انسٹیٹیوٹ میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا گیا۔
تقریب میں رائل سعودی ایئر ڈیفنس فورس کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل مزید العمرور نے شرکت کی، جنہوں نے پہلی ایئر ڈیفنس گروپ کے کمانڈر کو یونٹ کا پرچم سونپا، جو اس یونٹ کی آپریشنل تیاری کا باقاعدہ اعلان تھا۔
وزارت دفاع کے مطابق اس یونٹ کو سسٹم کی مکمل جانچ، جائزہ اور مملکت میں موجود اہلکاروں کی فیلڈ ٹریننگ کے کامیاب انعقاد کے بعد فعال کیا گیا ہے۔
تھاڈ بیٹری کی تعیناتی ایک وسیع تر دفاعی منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد سعودی عرب کی فضائی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور اہم قومی تنصیبات و مفادات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
اس سے قبل ایئر ڈیفنس فورس نے پہلی اور دوسری تھاڈ یونٹس کے لیے تربیت یافتہ اہلکاروں کو گریجویٹ کیا تھا، جنہوں نے امریکی ریاست ٹیکساس کے فورٹ بلیس میں خصوصی کورسز مکمل کیے تھے۔