ویب ڈیسک: ملک کی سیاست میں ایک نئی جماعت کی شمولیت عمل میں آ گئی ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ’’بہاولپور عوامی حقوق پارٹی‘‘ کو باضابطہ طور پر رجسٹر کر لیا ہے۔اس فیصلے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات کو بھی منظور کر لیا گیا ہے، جن کے نتیجے میں محمد سلمان مہتاب کو پارٹی کا صدر منتخب کیا گیا ہے۔
بہاولپور عوامی حقوق پارٹی کی رجسٹریشن کے بعد ملک میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی مجموعی تعداد 167 ہو گئی ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اس جماعت کی تشکیل سے جنوبی پنجاب، بالخصوص بہاولپور کے عوامی مسائل اور محرومیوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایک نئی آواز سامنے آئی ہے، جو آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کی اہل ہو چکی ہے۔
الیکشن کمیشن کی منظوری کے بعد یہ جماعت آئینی و قانونی حیثیت کے ساتھ ملکی سیاسی منظرنامے میں اپنا مقام بنانے کے لیے تیار ہے۔