ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے بائیکاٹ کے فیصلے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ پارٹی قیادت اور اتحادیوں سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 27 جولائی 2026 کو ہونے والے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے مطابق موجودہ سیاسی حالات اور عوامی جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا، کیونکہ موجودہ ماحول آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے تقاضوں پر پورا نہیں اترتا۔
انہوں نے بتایا کہ پارلیمانی بورڈ کی جانب سے پارٹی ٹکٹوں کے حوالے سے تمام سفارشات اور متاثرہ امیدواروں کی اپیلوں پر کارروائی بھی فی الحال معطل کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام فیصلے باہمی مشاورت سے ملک، قوم اور جمہوریت کے مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں۔
اس سے قبل پی ٹی آئی نے اپنے باضابطہ مؤقف میں کہا تھا کہ وہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، تاہم موجودہ حالات میں انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔
پارٹی ترجمان کے مطابق ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق تمام سفارشات فوری طور پر معطل کر دی گئی ہیں، جبکہ امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرنے سمیت انتخابی عمل سے متعلق تمام امور آئندہ فیصلے تک مؤخر رہیں گے۔
پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی معاملات افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیے جائیں، انتخابی شیڈول پر نظرِ ثانی کی جائے اور تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں، آزادانہ اور شفاف انتخابی ماحول فراہم کیا جائے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام کے جمہوری حقوق کے لیے اس کی سیاسی جدوجہد جاری رہے گی۔