ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے اضلاع باجوڑ اور بنوں میں پولیس نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے ناکام بنا دیے، جوانوں نے نہ صرف جرأت مندی سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا بلکہ ان کے خلاف بھرپور تعاقب بھی جاری رکھا ہوا ہے۔
"دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا قلع قمع کیا جائے گا" — آئی جی خیبرپختونخوا
انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید کے مطابق"رات گئے باجوڑ کے علاقے لوئی ماموند اور بنوں کے تھانہ میریان پر خوارجی دہشت گردوں نے حملے کیے، جنہیں پولیس کے بہادر اہلکاروں نے جواں مردی سے پسپا کر دیا۔"
آئی جی نے کہا کہ پولیس نے صرف دفاعی کردار ادا نہیں کیا بلکہ دہشت گردوں کا تعاقب بھی جاری ہے تاکہ ان کے نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جا سکے۔ انہوں نے حملوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے جوانوں کے لیے تعریفی اسناد اور انعامات کا اعلان بھی کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیبرپختونخوا پولیس کو خراج تحسین
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تھانہ میریان، بنوں پر حملہ پسپا کرنے پر خیبرپختونخوا پولیس کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ" خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر اور پروفیشنل سپوتوں نے پہلے بھی خوارجی دہشت گردوں کے حملے پسپا کیے اور اس بار بھی انتہائی دلیرانہ انداز میں دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔"
محسن نقوی نے پولیس کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ"ہمیں خیبرپختونخوا پولیس پر فخر ہے، جنہوں نے ملک کے امن و امان کے لیے اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر دہشت گردوں کا منہ توڑ جواب دیا۔"