ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے انکشاف کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو پارٹی کا پیٹرن انچیف مقرر کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے ملک گیر احتجاج کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔جس میں پارٹی کی قیادت نے مختلف اہم رہنماؤں کو مخصوص ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو پیٹرن انچیف بنا دیا گیا ہے اور احتجاج کے دوران عمران خان کی نمائندگی عمر ایوب اور سلمان اکرم راجا کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ علی امین گنڈا پور خیبرپختونخوا میں گورننس سے متعلق معاملات پر توجہ مرکوز رکھیں گے، جبکہ بیرسٹر گوہر بطور پارٹی چیئرمین سفارتی رابطوں کی ذمہ داری نبھائیں گے اور ہائیکورٹ میں پارٹی کے کیسز لے کر چلیں گے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پارٹی کی قانونی حکمت عملی کے تحت وہ اعلیٰ عدالتوں میں کیسز کی پیروی کریں گے اور ملک میں جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے احتجاجی آواز بلند کی جائے گی۔