گووندا کا معروف اداکارہ سے مبینہ معاشقہ، اہلیہ کا ردعمل، بڑا مطالبہ کر دیا

گووندا کا معروف اداکارہ سے مبینہ معاشقہ، اہلیہ کا ردعمل، بڑا مطالبہ کر دیا

ویب ڈیسک:بالی ووڈ اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا ایک بار پھر خبروں میں ہیں۔ گزشتہ چند ماہ سے دونوں کے درمیان مبینہ اختلافات کی خبریں گردش کر رہی تھیں، جنہیں جوڑے نے کئی بار مسترد کیا، مگر اب سنیتا نے ایک حالیہ انٹرویو میں شوہر کے مبینہ معاشقے پر کھل کر بات کی ہے۔

سنیتا آہوجا نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شوہر کے ایک 30 سالہ مراٹھی اداکارہ کے ساتھ تعلقات کے بارے میں سنا ہے۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ وہ خود کسی بات پر یقین نہیں کرتیں جب تک اپنی آنکھوں سے دیکھ نہ لیں۔

انہوں نے کہا کہ ’میں جب تک میں اسے اپنی آنکھوں سے نہ دیکھ لوں یا رنگے ہاتھوں پکڑ نہ لوں، میں کوئی فیصلہ نہیں کروں گی،  ہاں، سنا ہے کہ وہ مراٹھی اداکارہ ہے۔‘

سنیتا نے مزید کہا کہ اس عمر میں گووندا کو اس طرح کے معاملات میں نہیں پڑنا چاہیے بلکہ اپنی بیٹی ٹینا اور بیٹے یشوردھن کے مستقبل کے بارے میں سوچنا چاہیے۔

گفتگو کے دوران سنیتا نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ مالی طور پر خودمختار بنیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ یوٹیوب پر وی لاگنگ کر رہی ہیں اور 4 ماہ میں سلور بٹن حاصل کر چکی ہیں۔
ان کے مطابق ’عورت کو خود اپنے پیروں پر کھڑا ہونا چاہیے۔ اپنا کمانا ایک الگ خوشی دیتا ہے۔ شوہر سے پیسے مانگنے سے بہتر ہے کہ اپنی محنت سے کمائیں۔‘

اسی موقع پر سنیتا نے شوہر سے بڑے گھر کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ فی الحال اپنی بیٹی اور بیٹے کے ساتھ 4 بیڈ روم والے گھر میں رہتی ہیں جبکہ گووندا ان کے ساتھ نہیں رہتے۔
انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا’ یہ گھر ہمارے لیے چھوٹا ہے۔ میں اس پوڈکاسٹ کے ذریعے چیچی ( گووندا) سے کہنا چاہتی ہوں کہ میرے لیے 5 بیڈ روم والا بڑا گھر خرید لو، ورنہ دیکھ لینا کیا ہوتا ہے۔‘

واضح رہے کہ گووندا اور سنیتا آہوجا کی شادی 1987 میں ہوئی تھی، جو کئی سال تک خفیہ رکھی گئی۔ ان کی بیٹی ٹینا آہوجا 1989 میں پیدا ہوئیں جبکہ ان کے بیٹے کا نام یشوردھن ہے۔

 جوڑا گزشتہ کچھ عرصے سے ازدواجی اختلافات کی خبروں کے باعث میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، تاہم اب سنیتا کے اس انٹرویو نے ان افواہوں کو مزید ہوا دے دی ہے۔

Watch Live Public News