ایمریٹس نے پروازوں میں پاور بینک کے استعمال پر پابندی لگا دی

ایمریٹس نے پروازوں میں پاور بینک کے استعمال پر پابندی لگا دی

ویب ڈیسک:  ایمریٹس ایئرلائن نے اعلان کیا ہے کہ یکم اکتوبر 2025 سے اس کی پروازوں میں پاور بینک کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔ ایئرلائن کے مطابق یہ فیصلہ مسافروں اور عملے کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، کیونکہ لیتھیم آئن بیٹریاں (پاور بینکس) خطرناک سامان کے زمرے میں آتی ہیں۔

ایئرلائن نے 8 اگست 2025 کو جاری کیے گئے بیان میں کہا تھا’ ایمریٹس کی کسی بھی پرواز میں پاور بینک کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی، یہ پابندی یکم اکتوبر سے نافذ ہو گی۔‘‘

ایمریٹس کی جانب سے جاری کردہ ضوابط کے مطابق’’ مسافر صرف ایک پاور بینک لے جا سکتے ہیں جو 100 واٹ آور  سے کم ہو۔

پرواز کے دوران پاور بینک سے کسی ڈیوائس کو چارج کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، پاور بینک کو جہاز کے پاور سپلائی سے چارج کرنا منع ہوگا۔

پاور بینک پر گنجائش کی مکمل تفصیل درج ہونا ضروری ہے، پاور بینک کو اوورہیڈ لاکر میں رکھنے کی اجازت نہیں، یہ صرف سیٹ جیب یا سامنے والی سیٹ کے نیچے بیگ میں رکھا جا سکتا ہے۔

پاور بینک کو سامانِ بردار (چیک اِن بیگج) میں رکھنا پہلے ہی سے ممنوع ہے۔

ایمریٹس نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ پرواز سے پہلے اپنے تمام الیکٹرانک آلات کو اچھی طرح چارج کر لیں، خاص طور پر طویل دورانیے کی پروازوں کے لیے جہاں بجلی کی ضرورت زیادہ ہو سکتی ہے۔ تاہم، مسافروں کو یہ سہولت میسر رہے گی کہ وہ اپنی ڈیوائسز کو ان-سیٹ چارجنگ پورٹس کے ذریعے استعمال کر سکیں۔

ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ قدم بین الاقوامی حفاظتی اصولوں کے مطابق ہے تاکہ پروازوں میں بیٹری سے جڑے خطرات کو کم کیا جا سکے۔

Watch Live Public News