(ویب ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بھانجے شاہ ریز خان کی درخواست ضمانت منظور کرلی گئی۔عدالت نے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بھانجے اور علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز خان کی درخواست ضمانت میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔
عدالت نے شاہ ریز خان کی درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت نے شاہ ریز خان کی ضمانت منظور کرنے کا حکم دے دیا ۔
قبل ازیں دوران سماعت وکیل رانا مدثر نے کہا کہ شاہ ریز پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے کارکنوں کو اُکسایا ہے، ہر قسم کی تفتیش کی گئی ہے اس مقدمے میں ہر شخص کی جیو فینسنگ کی گئی، شاہ ریز کے خلاف ایسا کوئی ثبوت موجود نہیں۔
شاہ ریز کے وکیل نے دلائل دیے کہ چالان میں سب چیزیں واضح ہیں اس میں نامزد ملزمان اور نامعلوم ملزمان کا ذکر موجود ہے، شاہ ریز کا کہیں بھی ذکر نہیں کیا گیا کسی تفتیشی نے بھی کوئی بیان نہیں دیا، ملزم کی والدہ بانی پی ٹی آئی کی بہن ان کی رہائی کے لیے آواز اٹھاتی ہیں، ان کی آواز دبانے کے لیے یہ گرفتاری کی گئی، شاہ ریز چترال میں موجود تھا تمام لوگوں نے بیان حلفی موجود ہیں۔
وکیل رانا مدثر نے کہا کہ آج تک کسی افسر نے طلب نہیں کیا۔
دسرکاری وکیل نے دلائل میں کہا کہ ابھی تک بیان حلفی کی تصدیق نہیں ہوسکی، شاہ ریز کے دوستوں کے سوشل میڈیا سے تصاویر لی گئی ہیں، اس کے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کوئی تصویر نہیں، ضمانت کی درخواست مسترد کی جائے۔
بعد ازاں عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر شاہ ریز کی ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیاتھا۔
واضح رہے کہ تھانہ سرور روڑ پولیس نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملزم شاہ ریز خان کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔