نیشنل سٹیزن پارٹی کا24نکاتی منشور کا اعلان،نئے بنگلہ دیشی آئین کا وعدہ

نیشنل سٹیزن پارٹی کا24نکاتی منشور کا اعلان،نئے بنگلہ دیشی آئین کا وعدہ
کیپشن: نیشنل سٹیزن پارٹی کا24نکاتی منشور کا اعلان،نئے بنگلہ دیشی آئین کا وعدہ

ویب ڈیسک: نیشنل سٹیزن پارٹی ( این سی پی) نے دارالحکومت ڈھاکہ کے مرکزی شہید مینار پر ایک بڑے عوامی اجتماع کے دوران اپنا 24 نکاتی منشور پیش کرتے ہوئے ایک نئی عوامی جمہوریہ کے قیام کا عزم ظاہر کیا ہے۔

پارٹی کے کنوینئر ناہید اسلام نے منشور پڑھ کر سناتے ہوئے اعلان کیا کہ نیا بنگلہ دیش ایک ایسی ریاست ہوگی جو مختلف زبانوں، ثقافتوں اور نسلی شناختوں کو قانونی طور پر تسلیم کرے گی اور جہاں برابری، انسانی وقار اور سماجی انصاف کو ریاستی ڈھانچے کی بنیاد بنایا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ این سی پی کا یہ وژن استعماری دور کی مزاحمت، جنگِ آزادی اور حالیہ جولائی تحریک جیسے تاریخی واقعات کے عوامی شعور سے تشکیل پایا ہے۔ پارٹی نے اعلان کیا کہ نئی ریاست کے قیام کا پہلا قدم ایک آئین ساز اسمبلی تشکیل دے کر نیا آئین مرتب کرنا ہوگا، جو آمریت، موروثی سیاست اور فاشزم کا خاتمہ کرتے ہوئے امتیاز سے پاک، شمولیتی اور فلاحی جمہوری نظم تشکیل دے گا۔ اس میں عدلیہ، انتظامیہ اور مقننہ کے درمیان طاقت کا توازن، مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانا اور ’ جولائی ڈیکلریشن‘ کو آئینی تحفظ دینا شامل ہے۔

منشور میں وعدہ کیا گیا ہے کہ پارٹی جولائی 2024 کی عوامی بغاوت کو اپنی جدوجہد کا تسلسل سمجھتے ہوئے تمام شہدا کو ریاستی اعزاز دے گی اور زخمیوں کی مکمل نگہداشت کو یقینی بنائے گی۔ عوامی لیگ کے دور حکومت میں ہونے والے مبینہ ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں، شاپلہ چوک سانحہ، بی ڈی آر واقعے اور دیگر مظالم پر بھی انصاف فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

این سی پی نے نظامِ عدل میں اصلاحات، عوام دوست بیوروکریسی، شفاف قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ’پارلیمانِ دیہات‘ کے قیام کے ذریعے گاؤں کی سطح تک نمائندگی بڑھانے پر زور دیا ہے۔ تعلیم، تحقیق، ڈیجیٹل ترقی اور یونیورسل ہیلتھ کیئر کو ترجیحات میں شامل رکھتے ہوئے منشور میں اقلیتوں، خواتین، مزدوروں، کسانوں اور نوجوانوں کے حقوق کے تحفظ اور روزگار میں اضافے کا وعدہ کیا گیا۔ ساتھ ہی قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال، رہائش، ٹرانسپورٹ، موسمیاتی چیلنجز، بیرون ملک مقیم شہریوں کے حقوق اور قومی مفاد پر مبنی خارجہ و دفاعی پالیسی پر مبنی جامع اصلاحاتی حکمتِ عملی بھی پیش کی گئی ہے۔

پارٹی رہنماؤں نے خطاب میں اعلان کیا کہ این سی پی کسی قسم کے دباؤ سے خوفزدہ ہوئے بغیر ’شراکتی، باوقار اور انسانی مرکزیت‘ پر مبنی بنگلہ دیش کے قیام تک اپنی تحریک جاری رکھے گی اور 5 اگست تک جولائی چارٹر کو قانونی شکل دینے کا مطالبہ کیا۔

Watch Live Public News