پاکستان موسمیاتی تبدیلی کا شکار ہونے والے 10 ممالک میں شامل ہے، وزیر اعظم

پاکستان موسمیاتی تبدیلی کا شکار ہونے والے 10 ممالک میں شامل ہے، وزیر اعظم
کیپشن: پاکستان ،موسمیاتی تبدیلی،10 ممالک، وزیر اعظم شہباز شریف،گلگت بلتستان

ویب ڈیسک: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ مون سون میں گلگت بلتستان اور ملک کے دیگر علاقوں میں نقصانات ہوئے جس پر مجھ سمیت پوری قوم افسردہ ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت گلگت بلتستان میں حالیہ مون سون و سیلابی صورتحال کے نتیجے میں ہونے نقصانات، امدادی کارروائیوں و بحالی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا موسمیاتی تبدیلی میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ اسکے مضر اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں دسویں نمبر پر ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اقدامات وقت کی ضرورت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کو مد نظر رکھتے ہوئے وقتی پیشن گوئی، امدادی کاروائیوں کیلئے تیاری اور خطرے سے دوچار علاقوں میں کلائیمیٹ ریزیلیئنٹ انفراسٹرکچر بنایا جائے۔ مقامی آبادیوں کو پانی کی قدرتی گزرگاہوں سے دور بحال کیا جائے۔ مستقبل میں ایسی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کیلئے محکمہ موسمیات کے پیشگی اطلاع کے نظام کو مزید فعال اور مربوط بنایا جائے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ این ڈی ایم اے اور وزارت موسمیاتی تبدیلی مل کر گلگت میں آئندہ چند ماہ میں پیشگی اطلاعات و مانیٹرنگ کا گلگت بلتستان میں سینٹر بنائیں۔ ہنگامی صورتحال میں فوری ریسکیو و مدد کیلئے ایک جامع نظام تشکیل دیا جائے۔ ہنگامی صورتحال میں ریسکیو و ریلیف اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کیلئے این ڈی ایم اے صوبائی حکومتوں و اداروں سے تعاون یقینی بنائے۔ حالیہ مون سون سے متاثرہ لوگوں کی بحالی کیلئے اقدامات کو جلد مکمل کیا جائے۔

Watch Live Public News