ویب ڈیسک: پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مستحکم کرنے کے لیے ایک اہم تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کرغزستان کے صدر ژاپاروف اور وزیراعظم شہباز شریف نے شرکت کی۔ اس دوران دونوں ممالک نے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) کا تبادلہ کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف کے درمیان بشکیک اور اسلام آباد کو جڑواں شہر قرار دینے کا معاہدہ طے پایا ہے۔ اس معاہدے کے تحت دونوں شہر باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک دوسرے کے ثقافتی، اقتصادی اور سماجی ترقی میں تعاون کریں گے۔
پاکستان اور کرغزستان کے درمیان سزا یافتہ قیدیوں کے تبادلے اور ثقافت کے شعبے میں تعاون کے لیے بھی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ اس کے علاوہ، پاکستان فارن سروسز اکیڈمی اور کرغزستان ڈپلومیٹک اکیڈمی کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا، جس پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور کرغزستان کے وزیر خارجہ نے دستخط کیے۔
دونوں ممالک نے وزارتِ تجارت اور کرغزستان کی وزارت معیشت، کان کنی، جیو سائنسز، سیاحت، توانائی اور پاکستانی بندرگاہوں کے استعمال کے حوالے سے بھی مفاہمت کی۔ ساتھ ہی زراعت اور سرجیکل آلات کے شعبوں میں تعاون کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔
وزیرِ اعظم نے معاہدوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان خوشگوار برادرانہ تعلقات ہیں، اور مختلف شعبوں میں 15 نئے معاہدے اہم پیشرفت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر ژپاروف کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا، اور توانائی، تجارت، روابط اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔
کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف نے وزیرِ اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں کرغزستان کا اہم شراکت دار ہے، اور دونوں ممالک دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ یہ معاہدے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان سائنس، تعلیم، ثقافت، تجارت، توانائی، زراعت، قانون، صحت اور نوجوانوں کے پروگرامز میں قریبی تعاون کو مزید مستحکم کریں گے۔