ڈونلڈٹرمپ کا وائٹ ہاؤس میں UFCفائٹ کرانے کا اعلان

ڈونلڈٹرمپ کا وائٹ ہاؤس میں UFCفائٹ کرانے کا اعلان
کیپشن: ڈونلڈٹرمپ کا وائٹ ہاؤس میں UFCفائٹ کرانے کا اعلان

ویب ڈیسک:  (علی زیدی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکا کی 250 ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں وائٹ ہاؤس کے میدان میں یو ایف سی (UFC) فائٹ کی میزبانی کریں گے۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق آئیووا اسٹیٹ فیئر گراؤنڈز میں منعقدہ "امریکہ 250" کے افتتاحی ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ "ہمارے قومی پارکس، تاریخی میدانوں اور یادگاروں پر امریکا کی 250ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی تقاریب ہوں گی، اور ہم وائٹ ہاؤس کے احاطے میں یو ایف سی فائٹ کا انعقاد کریں گے۔"

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ نے اس منصوبے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ "صدر اس معاملے میں مکمل طور پر سنجیدہ ہیں۔"

ادھر یو ایف سی کے ایک اہلکار نے بھی تصدیق کی ہے کہ تنظیم وائٹ ہاؤس میں ایونٹ کے انعقاد کے لیے مذاکرات میں مصروف ہے، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

ٹرمپ اور یو ایف سی: پرانی دوستی، نئی شراکت

صدر ٹرمپ اور یو ایف سی کے سی ای او ڈانا وائٹ کے درمیان دو دہائیوں پر محیط دوستی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ 2001 میں جب ڈانا وائٹ کو یو ایف سی ایونٹ کے لیے کوئی مقام دستیاب نہیں تھا، تو ٹرمپ نے اپنے ہوٹل " ٹرمپ تاج محل" اٹلانٹک سٹی میں ایونٹ کی میزبانی کی پیشکش کی تھی۔

2024 کی صدارتی مہم کے دوران ڈانا وائٹ ٹرمپ کے نمایاں ترین حمایتیوں میں شامل رہے، اور ریپبلکن نیشنل کنونشن میں انہوں نے صدر کا تعارف بھی کرایا۔

حالیہ مہینوں میں ٹرمپ کئی یو ایف سی مقابلوں میں شریک ہو چکے ہیں، جن میں نیوارک (نیو جرسی)، میامی اور نیویارک سٹی شامل ہیں۔ اپریل میں میامی میں ہونے والے ایک مقابلے میں ٹرمپ نے "واک آؤٹ" میں شرکت کی — جو عمومی طور پر صرف فائٹرز کے لیے مخصوص ہوتا ہے۔

'پیٹریاٹ گیمز' اور دیگر تقریبات بھی شیڈول

صدر ٹرمپ نے مزید بتایا کہ امریکا 250 کے موقع پر مختلف پروفیشنل اور ایماچور کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد ہوں گے۔

ان کے مطابق "پیٹریاٹ گیمز" کے نام سے ایک ٹیلیوائزڈ مقابلہ بھی ہوگا، جس میں ہائی اسکول ایتھلیٹس شرکت کریں گے اور اس کی قیادت ہیلتھ اینڈ ہیومن سروسز کے سیکریٹری رابرٹ ایف کینیڈی کریں گے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ تقریبات نہ صرف امریکا کی تاریخ کو خراج تحسین پیش کریں گی بلکہ نئی نسل میں حب الوطنی اور جسمانی فٹنس کا جذبہ بھی پیدا کریں گی۔

Watch Live Public News

کونٹینٹ پروڈیوسر