صدر عارف علوی نے الیکشن اور نیب ترمیمی بلز نظرثانی کیلئے واپس بھجوا دیے

صدر عارف علوی نے الیکشن اور نیب ترمیمی بلز نظرثانی کیلئے واپس بھجوا دیے
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے الیکشن اور نیب ترمیمی بلز منظور کیے بغیر نظر ثانی کے لیے واپس بجھوا دیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت کی جانب سے بل آئین کے آرٹیکل 75 کی شق ایک بی کے تحت واپس وزیر اعظم شہباز شریف کو بھجوائے گئے ہیں۔صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ دونوں بلز پر نظر ثانی کی جائے اور قواعد کے مطابق عمل مکمل کیا جائے۔ صدر مملکت نے ہدایت کی کہ پارلیمنٹ اور اس کی کمیٹیاں بلوں پر نظر ثانی اورتفصیلی غور کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ صدر مملکت کو قانون سازی کی تجاویز پر مطلع نہیں کیا گیا اور مطلع نہ کرکےآرٹیکل 46 کی خلاف ورزی کی گئی، بل جلد بازی میں 26 مئی کو اسمبلی اور 27 مئی کو سینیٹ سے منظور ہوئے۔ عارف علوی نے کہا کہ قانونی برادری اور سول سوسائٹی کے ساتھ مشاورت کی جانی چاہیے، اوورسیز پاکستانی محنت سے کمائی دولت کے ذریعے ملکی ترقی میں کردار کرتے ہیں، سپریم کورٹ نے بھی 2018 اور 2014 میں اوورسیز کے ووٹ کے حق کی توثیق کی۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی میں بہتری لا کر بیرون ملک سے پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جاسکتا ہے، عدالت نے کہا کہ آئی ووٹنگ تھرڈ پارٹیز کی جانب سے محفوظ قرار دیا جا چکا ہے، آرٹیکل 17 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا گیا ہے۔ صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں انٹرنیٹ سے روزانہ 8.5 ارب ڈالر کے محفوظ لین دین کی جاتی ہے، پاکستان کی ووٹنگ مشین میں پیپرٹریل کا پورا سسٹم موجود ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین بیلٹ پیپر کی چھپائی اور گنتی میں مدد دیتی ہے، پاکستان میں ہر الیکشن کے نتائج کو چیلنج کیا جاتا ہے، ہر حکومت پر الزامات لگتے ہیں۔ صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ نیب ترامیم اسلامی فقہ کی روح کے بھی خلاف ہیں، نیب ترامیم سے غیر قانونی اثاثوں کی منی ٹریل حاصل کرنا نا ممکن ہو جائے گا، ترامیم منظور کرنے سے عدالتوں میں میگا کرپشن کے کیسز بے نتیجہ ہو جائیں گے، کرپشن کے خاتمے کے لیے احتساب کے عمل کو مزید مضبوط ہونا چاہیے تھا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔