ویب ڈیسک: ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کیس میں گرفتار ملزم عمرحیات عرف کاکا کو عدالت پیش کردیاگیا ہے اور عدالت نے تفتیشی افسر کی شناخت پریڈ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ سمبل پولیس نے سخت سیکیورٹی میں ثنا یوسف کے قتل کے ملزم عمر حیات کو ڈیوٹی مجسٹریٹ احمد شہزاد کی عدالت میں پیش کیا ۔سینیٹر فلک ناز کمرہ عدالت پہنچ گئیں،متعلقہ عدالت کے پراسیکیوٹر، ڈسٹرکٹ پرایسکیٹر غیرحاضر رہے۔
ڈیوٹی میجسٹریٹ احمدشہزاد نے پراسیکیوٹرز پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ میری عدالت کے پراسیکیوٹر کہاں ہیں؟ویسے تو پراسیکیوٹرز عدالت آتے نہیں، آج سب کہاں گئےہیں؟ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کو کمرہ عدالت میں بلائیں۔
ڈیوٹی پراسیکیوٹر نے کہا کہ پراسیکیوٹر چھٹیوں پر ہیں۔
ڈیوٹی مجسٹریٹ احمدشہزاد نے ریمارکس دیئے کہ ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر آئےگا تو کیس آگے چلےگا۔
ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کے آنے تک عدالت نے سماعت میں وقفہ کردیا۔
ملزم عمرحیات کو دوبارہ گاڑی میں بٹھا دیاگیا۔
اس دوران تفتیشی افسر نے عدالت سے شناخت پریڈ کی درخواست کی جسے منظور کرتے ہوئے فاضل عدالت نے ملزم کو 2 ہفتوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور آئندہ پیشی پر متعلقہ عدالت کے روبرو پیش کرنےکا حکم دیدیا۔