ویب ڈیسک: بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار سلمان خان اپنے دیرینہ اور انتہائی قریبی دوست سشیل کمار کے انتقال پر شدید صدمے کا شکار ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے سوشل میڈیا پر اپنے مرحوم دوست کے ساتھ ایک یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے نہایت جذباتی پیغام دیا۔ انہوں نے سشیل کمار کو زندگی بھر مثبت سوچ، خوش مزاجی اور حوصلے کی علامت قرار دیا۔
دبنگ خان نے لکھا کہ ان کے دوست ہر مشکل گھڑی میں مسکراہٹ کے ساتھ حالات کا سامنا کرتے تھے اور ہمیشہ یہی کہتے تھے کہ "سب ٹھیک ہو جائے گا"۔ سلمان خان نے مزید کہا کہ سشیل کمار نے اپنی زندگی کو بے فکری اور خوشی کے ساتھ گزارا۔
اپنے جذباتی پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ سشیل کمار نے زندگی کو ایک مرد کی طرح جھیلا اور موت کا سامنا ایک ہیوی ویٹ چیمپئن کی طرح کیا، اور اب ان کے پاس صرف وہ یادیں باقی ہیں جو ہمیشہ مسکراہٹوں سے بھری رہیں گی۔
سلمان خان نے اپنے دوسرے پیغام میں زندگی اور موت کی حقیقت پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہر انسان کو ایک دن اس دنیا سے جانا ہے، مگر وقت اور طریقہ کسی کے علم میں نہیں ہوتا۔