نائجیریا کشتی حادثہ، 60 افراد ہلاک متعدد لاپتہ

نائجیریا کشتی حادثہ، 60 افراد ہلاک متعدد لاپتہ
کیپشن: نائجیریا کشتی حادثہ، 60 افراد ہلاک متعدد لاپتہ

ویب ڈیسک: نائجیریا کی شمالی ریاست نائیجر میں ایک کشتی کے الٹنے سے کم از کم 60 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہوگئے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ کشتی منگل کی صبح ضلع ملالے کی بستی تُنگان سُولے سے دوگّا کے لیے روانہ ہوئی تھی کہ شمالی وسطی علاقے میں دریا کے اندر ایک درخت کے تنے سے ٹکرا کر حادثے کا شکار ہوگئی۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ کشتی میں 100 سے زائد افراد سوار تھے۔ حادثے کے بعد کچھ افراد کو زندہ بچا لیا گیا تاہم متعدد اب بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

حکام کے مطابق اب تک ہلاکتوں کی تعداد 60 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ نائجیریا میں برسات کے موسم میں کشتی حادثات عام ہیں۔ ماہرین کے مطابق ان واقعات کی بڑی وجوہات میں کشتیوں پر ضرورت سے زیادہ بوجھ ڈالنا، کشتیوں کی ناقص حالت اور مسافروں کے لیے لائف جیکٹس کی عدم دستیابی شامل ہیں۔

Watch Live Public News