ویب ڈیسک: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے۔ اچکزئی پی ٹی آئی رہنماؤں سے ناراض ہوکر بلوچستان چلے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں سیاسی جماعتوں میں یہ تنازع قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر پیدا ہوا۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنما کا کہنا ہے کہ اچکزئی صاحب پی ٹی آئی سے اس بات پر ناراض ہوئے کہ حکمِ امتناع (اسٹے آرڈر) تک عمر ایوب کو اپوزیشن لیڈر برقرار رکھا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی کے حکم کے باوجود پی ٹی آئی والے اُن کو اپوزیشن لیڈر کا عہدہ دینے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ بلکہ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ کو مشورہ دیا کہ وہ ایک پریس کانفرنس میں بانی پی ٹی آئی کا شکریہ ادا کریں اور ساتھ میں یہ بھی کہیں کہ وہ اسٹے آرڈر تک اپوزیشن لیڈر کا عہدہ قبول نہیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق محمود اچکزئی نے پی ٹی آئی کی اس تجویز کو نہ صرف مسترد کیا بلکہ ناراض ہو کر بلوچستان چلے گئے۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ آپ لوگ چاہتے ہی نہیں کہ میں اپوزیشن لیڈر بنوں۔