لاہور میں بسنت پر اشتعال انگیزی روکنےکیلئے دفعہ 144 نافذ

لاہور میں بسنت پر اشتعال انگیزی روکنےکیلئے دفعہ 144 نافذ

(ویب ڈیسک ) لاہور میں 6،7،8 فروری کو محفوظ بسنت کا اہتمام کیا گیا ہے۔ بسنت پر اشتعال انگیزی روکنے کیلئے دفعہ 144 نافذ ہے۔

تفصیلات کے مطابق بسنت کے دوران مذہبی ہم آہنگی اور امنِ عامہ برقرار رکھنے کیلئے بعض پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔پتنگوں پر مقدس کتب، مذہبی مقامات یا کسی شخصیت کی تصویر لگانے پر مکمل پابندی عائد ہے۔کسی ملک یا سیاسی جماعت کے جھنڈے کی تصویر والی پتنگوں پر بھی پابندی عائد ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق مذہبی و سیاسی نقش و نگار والی پتنگوں کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد ہے۔ لاہور میں بسنت کے دوران بغیر تصویر یک رنگی یا کثیر رنگی گُڈّا اور پتنگ استعمال کرنے کی اجازت ہے۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر قانون نافذ کرنے والے ادارے سخت کارروائی کریں گے۔

حکومت پنجاب نے محفوظ بسنت کی اجازت ایک تفریحی تہوار کے طور پر دی ہے۔ بسنت کے موقع پر کسی قسم کی قانون شکنی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکومت پنجاب نے بسنت کے دوران امنِ عامہ برقرار رکھنے اور عوام کے مذہبی جذبات کے احترام کیلئے پابندیاں عائد کی ہیں ۔

محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کے تحت دھاتی تار اور نائلون ڈور کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے۔ لاہور میں بسنت کے دوران موٹر سائیکل پر سیفٹی راڈ کا استعمال لازم ہے۔

محکمہ داخلہ نے بسنت کے حوالے سے خصوصی سکیورٹی گائیڈ لائنز جاری کی ہیں ۔انتظامیہ و پولیس کو بسنت کے حوالے سے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر گاڑیوں کی سخت چیکنگ اور اسکیننگ کی ہدایت کی گئی ہے۔صرف قانون کے مطابق پتنگ بازی کا سامان شہر میں آئے گا، ممنوعہ سامان فوری ضبط ہوگا۔ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی، خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی ہوگی،قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

اسی طرح ریسکیو 1122 کو مکمل الرٹ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔تمام ہسپتالوں میں ماہرین، طبی عملے اور ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

Watch Live Public News