ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے لاہور بار ایسوسی ایشن کو 5 کروڑ روپے کا فنڈ دینے کے فیصلے پر الیکشن کمیشن میں ان کی نااہلی کی آئینی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ یہ درخواست پشاور کے وکیل ارسلان آفریدی ایڈووکیٹ نے جمع کرائی۔
درخواست گزار کے مطابق وزیراعلیٰ نے خیبرپختونخوا کابینہ کی منظوری سے پنجاب کے نجی ادارے لاہور بار ایسوسی ایشن کو فنڈ جاری کرنے کا جو فیصلہ کیا، وہ آئین، قانون اور عدالتی نظیروں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایک دوسرے صوبے کی بار ایسوسی ایشن کو مالی امداد دینا درحقیقت " سیاسی رشوت" کے مترادف ہے، جس کا مقصد سیاسی مفادات حاصل کرنا ہے۔ یہ اقدام خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ مالی خیانت کے زمرے میں آتا ہے، جو پہلے ہی معاشی بحران سے دوچار ہیں۔
درخواست گزار نے آئین اور این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے کہا کہ صوبائی وسائل صرف اسی صوبے کی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال ہو سکتے ہیں، سوائے کسی ہنگامی صورتحال یا قدرتی آفت کے۔ لاہور بار کو فنڈ کی فراہمی ان اصولوں کے برخلاف ہے۔
درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ علی امین گنڈاپور کو فوری طور پر نااہل قرار دے کر صوبائی اسمبلی کی رکنیت سے ڈی نوٹیفائی کیا جائے، اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
درخواست میں سپریم کورٹ کے ماضی کے متعدد فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عوامی فنڈز کے غلط استعمال سے نہ صرف منتخب نمائندے نااہل ہو سکتے ہیں بلکہ یہ عوامی اعتماد کو بھی شدید نقصان پہنچاتا ہے۔