"فتنہ الہندوستان کا بلوچ قوم سے کوئی تعلق نہیں، یہ صرف دہشت گرد ہیں" ، وزیراعلیٰ بلوچستان

کیپشن: "فتنہ الہندوستان پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے"، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا دوٹوک بیان

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایک اہم پریس کانفرنس میں بھارت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ "فتنہ الہندوستان" کا بلوچ قوم سے کوئی تعلق نہیں، یہ صرف دہشت گرد ہیں جو پاکستان کے امن کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

ان کے ہمراہ صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقی ظہور احمد بلیدی اور چیف سیکرٹری بلوچستان بھی موجود تھے۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ دشمن کو جارحیت کا بھرپور جواب ملا ہے، افواجِ پاکستان نے بھارتی چالوں کو ناکام بنایا۔

انہوں نے واضح کیا کہ بھارت شکست کے بعد پراکسی جنگ چھیڑ چکا ہے اور اس کے پیچھے براہِ راست بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کا ہاتھ ہے، جو ان دہشت گرد گروہوں کو فنڈنگ اور معلومات فراہم کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خضدار میں معصوم بچوں کی شہادت بھی فتنہ الہندوستان کی کارروائی ہے۔ دہشت گرد صرف آسان اہداف کو نشانہ بناتے ہیں، ان سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، مذاکرات صرف سیاسی جماعتوں سے کیے جاتے ہیں۔

سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا کراچی پورٹ پر جھوٹی خبریں چلا کر پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔ لاپتہ افراد کے مسئلے کو بھی ریاست کے خلاف پروپیگنڈے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں فی الوقت کسی بڑے ملٹری آپریشن کی ضرورت نہیں، مخصوص افراد کے ذہنوں میں گزشتہ 30 سال سے غلط نظریات بھرے جا رہے ہیں، لیکن ریاست اپنی عملداری پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ حکومت بلوچستان کی ترقی اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ تعلیم کے شعبے میں 99 فیصد بھرتیاں میرٹ پر ہوئیں اور بند اسکول دوبارہ کھول دیے گئے ہیں۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ بجٹ میں نوجوانوں کو آسان قرضے دیے جائیں گے، انہیں ہنر سکھا کر بیرونِ ملک روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ ملکی ترقی میں مثبت کردار ادا کریں۔

Watch Live Public News