ویب ڈیسک: عیدالاضحیٰ سے قبل پنجاب حکومت نے جیلوں میں قید افراد کے لیے خوشخبری سنا دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر قیدیوں کی سزا میں 90 دن کی خصوصی معافی کا اعلان کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق اس فیصلے سے صوبے بھر کی جیلوں میں قید 450 قیدیوں کو فائدہ ہوگا، جبکہ 270 قیدیوں کی رہائی ممکن ہو سکے گی۔ یہ قیدی اپنی عید اب جیل کے بجائے اپنے اہل خانہ کے ساتھ گزار سکیں گے۔
یہ رعایت پاکستان پریزن رولز 1978 کے رول 216 کے تحت دی گئی ہے۔ تاہم یہ سہولت ہر قیدی کے لیے نہیں، بلکہ مخصوص جرائم میں ملوث افراد کو اس سے محروم رکھا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی، فرقہ واریت، بغاوت، ریاست مخالف سرگرمیوں، جاسوسی، قتل، زنا، اغوا، منشیات، ڈکیتی، مالی بدعنوانی اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے مقدمات میں سزا یافتہ قیدیوں کو یہ معافی نہیں دی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام قیدیوں کی فلاح و بہبود اور عید کے موقع پر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی سہولت کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔