ویب ڈیسک: سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے افغانستان کے علاقے بگرام میں کارروائی کے دوران اپنا ہدف حاصل کر لیا اور افغان طالبان رجیم کے زیرِ استعمال ایمونیشن سپورٹ انفراسٹرکچر کو تباہ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن “غضب للحق” افغان عوام کے خلاف نہیں بلکہ صرف دہشت گرد تنظیموں کے خلاف ہے۔ افغانستان میں کارروائیاں انٹیلی جنس بیسڈ ہیں اور کسی بھی مقام پر سویلینز کو نشانہ نہیں بنایا جا رہا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف اسٹرائیکس میں ٹی ٹی پی کی مڈ لیول قیادت ہلاک ہوئی ہے اور اب تک افغان طالبان رجیم کے خلاف 50 سے زائد کارروائیاں کی جا چکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان پہلے ہی افغانستان میں ٹی ٹی پی کی 226 چیک پوسٹیں تباہ اور 36 پر قبضہ کر چکا ہے۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ افغانستان اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔
سکیورٹی ذرائع نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل اور قومی اتحاد ضروری ہے، جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی زیادہ تر کارروائیاں انٹیلی جنس بیسڈ ہی کی جا رہی ہیں۔