لاہور : پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کپتان بابر اعظم کے ون ڈے انٹرنیشنلز میں 5 ہزار رنز مکمل ہوگئے اور وہ 5 ہزار ون ڈے رنز کرنے والے تیز ترین بیٹر بن گئے ہیں ۔ بابر اعظم 100سے کم اننگز میں 5ہزار رنز کرنے والے پہلے کرکٹر ہیں،بابراعظم نے صرف 97 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کے پاس تھا۔ہاشم آملہ نے 101 میچز میں پانچ ہزار رنز بنائے تھے۔اس کے علاوہ ویو رچرڈز اور ویرات کوہلی نے 114 ، 114 اننگز کھیل کر پانچ ہزار رنز مکمل کیے تھے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم 5000 ون ڈے رنز کرنے والے 14 ویں پاکستانی ہیں۔