مولانا فضل الرحمان کی حماس رہنماؤں سے ملاقات،مسئلہ فلسطین پر تبادلہ خیال

مولانا فضل الرحمان کی حماس رہنماؤں سے ملاقات،مسئلہ فلسطین پر تبادلہ خیال
دوحہ : مولانا فضل الرحمان نے حماس رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں مسئلہ فلسطین پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حماس رہنماؤں خالد مشعل اور اسماعیل ہانیہ سے ملاقات کی۔ اسلم غوری کا کہنا ہے کہ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان وفد کے ہمراہ گذشتہ روز قطر پہنچے، مسئلہ فلسطین پر رہنماؤں میں تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔ مولانا فضل الرحمن نے حماس رہنماؤں سے ملاقات میں اظہار خیال کیا کہ اسرائیل فلسطین میں ظلم وستم کرکے قبلہ اول کو ہیکل میں بدلنے کی مذموم کوشش کررہاہے۔ اسماعیل ہانیہ نے کہا کہ امت مسلمہ کا فرض ہے کہ وہ اسرائیلی مظالم کے خلاف متحد ہوجائے ۔ انسانی حقوق کے دعویدار ممالک ہتھیاروں سے بھرے جہاز لے کر تل ابیب پہنچ رہے ہیں ۔ امت مسلمہ بھی فلسطینی بھائیوں کی حمایت کے لئے میدان میں نکلے ، اپنی ماؤں بہنوں اور بھائیوں کی مدد کرے ۔ خالد مشعل نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین پر عرصہ دراز سے مظالم انسانی حقوق کے دعویداروں کے منہ پر طمانچہ ہے ۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کے دعویداروں کے ہاتھ معصوم بچون اور خواتین کے خون سے رنگے ہوئے ہیں ۔ فلسطینی صرف اپنی زمین ہی نہیں بلکہ امت مسلمہ کی طرف سے فرض ادا کرتے ہوئے قبلہ اول کی آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں ۔ وقت آگیاہے کہ امت مسلمہ عملی میدان میں فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو ۔ حماس کے رہنماؤں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان پاکستان میں فلسطین کے سفیر کا کردار ادا کررہے ہیں ۔ اسلم غوری کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے شہداء کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعاء کی ۔ ملاقات میں سیکریٹری جنرل جے یو آئی سندھ مولانا راشدمحمودسومرو اور مفتی ابرار احمد بھی شریک تھے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔