(ویب ڈیسک ) وزارت آئی ٹی نے ڈیجیٹل پاکستان کے تحت نیشنل سپر ایپ اور ویب پورٹل لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہری اور کاروباری حضرات کے لیے سرکاری خدمات تک ایک ہی جگہ پر رسائی ممکن ہوگی۔منصوبہ ورلڈ بینک کی معاونت سے ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پراجیکٹ کے تحت شروع کیا گیا۔
دستاویز کے مطابق سپر ایپ اور ویب پورٹل نادرا کی نیشنل ڈیجیٹل آئی ڈی سسٹم کے ساتھ منسلک ہوگی۔سپر ایپ وفاقی اور صوبائی سطح پر مختلف محکموں کو یکجا کرے گی۔
دستاویز کے مطابق لائسنس کی تجدید، ٹیکس جمع کرانے اور پرمٹ حاصل کرنے جیسی خدمات آن لائن دستیاب ہوں گی۔ کمپنیوں کے لائسنس کے حصول، این او سی، تمام سرکاری فیسیں، دیگر خدمات آن لائن دستیاب ہونگی ۔شہری موبائل یا ویب کے ذریعے 24/7 خدمات حاصل کر سکیں گے۔
دستاویز کے مطابق سپر ایپ سے سرکاری اداروں کی شفافیت اور کارکردگی بہتر ہوگی، ورک فلو ڈیجیٹلائز اور خودکار نظام سے وقت اور اخراجات میں کمی ہوگی، شہری اور کاروبار فیس اور ٹیکس کی ادائیگی زیادہ آسانی سے کر سکیں گے، منصوبہ پاکستان ڈیجیٹل گورنمنٹ انٹرپرائز آرکیٹیکچر کے تحت بنایا جا رہا ہے۔
سپر ایپ میں زیرو ٹرسٹ ماڈل اور اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن شامل ہوگی۔بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے محفوظ رسائی فراہم کی جائے گی۔پلیٹ فارم وقت کے ساتھ نئی خدمات اور تھرڈ پارٹی سروسز شامل کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔مستقبل میں سبسکرپشن، پریمیئم ماڈل اور ان ایپ ایڈورٹائزنگ شامل کی جا سکیں گی۔
وزارت آئی ٹی سپر ایپ کی ڈیزائننگ کے لیے کنسلٹنسی فرم ہائر کر رہی ہے۔ سپر ایپ اور ویب پورٹل حکومت اور عوام کے تعلقات میں نئی جہت لائے گا۔