بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر الخدمت کا ہنگامی اجلاس، ڈیزاسٹر رسپانس مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ

بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر الخدمت کا ہنگامی اجلاس، ڈیزاسٹر رسپانس مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ
کیپشن: بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر الخدمت کا ہنگامی اجلاس، ڈیزاسٹر رسپانس مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک:  الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی دفتر میں مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر ایک اہم ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک بھر میں ڈیزاسٹر رسپانس کی تیاریوں کا جامع جائزہ لیا گیا اور تمام ڈیزاسٹر رسپانس سینٹرز، امدادی سامان، رضاکار ٹیموں اور ریسکیو وسائل کو مکمل طور پر تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس کی قیادت سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سید وقاص جعفری نے کی۔ اجلاس میں چیئرمین الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ اعجاز اللہ خان، صدر الخدمت وسطی پنجاب اکرام الحق سبحانی، سی ای او الخدمت خبیب بلال، جنرل مینیجر میڈیا ریلیشنز شعیب ہاشمی سمیت ملک بھر سے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے سربراہان نے شرکت کی۔
گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور شمالی پنجاب کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ذمہ داران نے اپنے علاقوں کی صورتحال اور تیاریوں کی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ الخدمت کے رضاکار اور ریسکیو ٹیمیں کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہیں۔
سید وقاص جعفری نے کہا کہ مؤثر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا اصل تقاضا آفت آنے کے بعد ردعمل دینے کے بجائے آفت سے پہلے مکمل تیاری، منصوبہ بندی اور بروقت اقدامات ہیں۔ فی الحال کسی بڑے پیمانے کی آفت کی اطلاع نہیں، تاہم موسمی پیشگوئیوں کے پیش نظر تمام ریجنز کو الرٹ رہنا ہوگا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ صرف ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں ہی نہیں بلکہ ان سے جڑے قریبی علاقوں کو بھی تیار رکھا جائے، کیونکہ ہنگامی صورتحال میں یہی علاقے بیک اپ سپورٹ فراہم کرتے ہیں۔ تمام ریجنز اپنے ڈیزاسٹر رسپانس سینٹرز اور انوینٹری کا فوری جائزہ لیں اور ضروری ریسکیو و امدادی سامان مکمل اور قابلِ استعمال حالت میں رکھیں۔
سیکرٹری جنرل نے خاص طور پر کہا کہ سیلابی صورتحال میں تنگ گلیوں اور زیرِ آب علاقوں کے لیے کشتیوں، حفاظتی جیکٹس اور تربیت یافتہ رضاکاروں کی پیشگی دستیابی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے رضاکاروں کی فہرستیں اپ ڈیٹ رکھنے، اچانک ماک ڈرلز کرانے اور مختلف ریجنز کے درمیان وسائل کے بروقت تبادلے پر زور دیا۔
انہوں نے NDMA، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ پیشگی رابطہ بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
سید وقاص جعفری نے کہا کہ الخدمت اپنے وسیع رضاکارانہ نیٹ ورک، ڈیزاسٹر رسپانس سینٹرز اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں بروقت اور منظم امدادی کارروائیوں کے لیے مکمل تیار ہے۔

Watch Live Public News