ویب ڈیسک: بلوچستان کے ضلع خضدار سے تعلق رکھنے والے 12 سالہ بچے کے دل میں پیوست گولی کراچی کے قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (NICVD) کے ماہرین نے پیچیدہ سرجری کے ذریعے کامیابی سے نکال لی۔
بچے کو خضدار میں حادثاتی طور پر گولی لگنے کے بعد مقامی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم تشویشناک حالت کے باعث اسے مزید علاج کے لیے کراچی لایا گیا۔
این آئی سی وی ڈی کی پیڈیاٹرک ایمرجنسی میں ہنگامی ایکو کارڈیوگرافی کے ذریعے دل میں گولی کی موجودگی کی تصدیق ہوئی، جس کے فوراً بعد بچے کو آپریشن تھیٹر منتقل کردیا گیا۔
پروفیسر سہیل خان بنگش کی سربراہی میں ہونے والی تقریباً دو گھنٹے کی پیچیدہ سرجری کے دوران گولی کامیابی سے نکال لی گئی۔
پروفیسر سہیل خان بنگش کے مطابق بچے کو انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، جس کے باعث فوری طور پر ہنگامی سرجری کا فیصلہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت اور مربوط طبی اقدامات کے نتیجے میں گولی نکال لی گئی اور بچہ اب تیزی سے صحت یاب ہورہا ہے۔