ویب ڈیسک: فاصلہ ایک ہزار کلومیٹر سے زیادہ تھا۔ مگر مہارت اور ٹیکنالوجی نے اسے چند لمحوں میں سمیٹ دیا۔ ابوظہبی میں بیٹھے سرجن نے پاکستان میں موجود مریض کا پیچیدہ آپریشن کیا وہ بھی روبوٹک ٹیکنالوجی کے ذریعے۔
تفصیلات کے مطابق کلیولینڈ کلینک ابوظہبی نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان پہلی بار ریموٹ روبوٹک گردے کی سرجری کامیابی سے انجام دے دی۔ ایک ہزار کلومیٹر سے زائد فاصلے پر موجود مریض کا آپریشن ابوظہبی میں بیٹھے ماہر ڈاکٹرز نے کنٹرول کیا، پاکستان میں موجود سرجن مریض کے ساتھ ہر لمحہ موجود رہے۔ یہ تھا روبوٹک نیفرو یوریٹریکٹومی کا پیچیدہ عمل جو محفوظ ڈیجیٹل کنکشن کے ذریعے ریئل ٹائم مکمل کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت ثابت کرتی ہے کہ جدید روبوٹک ٹیکنالوجی اور مستحکم ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے ذریعے سرحدوں کے پار بھی عالمی معیار کا علاج فراہم کیا جا سکتا ہے۔
آپریشن بغیر کسی پیچیدگی کے مکمل ہوا۔ مریض کو کم درد، تیز صحت یابی اور جلد ڈسچارج کی سہولت ملی۔ یہ کامیابی صرف ایک سرجری نہیں اس بات کا اعلان ہے کہ مستقبل کی میڈیکل سائنس فاصلے نہیں دیکھتی صرف مریض دیکھتی ہے۔