ویب ڈیسک: پاکستان میں رواں سال پولیو کا چوتھا کیس سامنے آگیا، نیا کیس خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں سے رپورٹ ہوا ہے۔
قومی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کے مطابق متاثرہ بچہ تحصیل میریان کی یونین کونسل نورڑ کا رہائشی ہے۔ رواں سال ملک میں رپورٹ ہونے والے چار پولیو کیسز میں سے تین بنوں ڈویژن سے سامنے آئے ہیں۔
حکام کے مطابق سکیورٹی مسائل کے باعث بنوں ڈویژن میں بچوں تک پولیو ٹیموں کی مسلسل رسائی ممکن نہیں، جبکہ یونین کونسل نورڑ میں 2025 سے پولیو ٹیمیں باقاعدگی سے بچوں تک نہیں پہنچ سکیں۔
این ای او سی کا کہنا ہے کہ ویکسین سے محروم بچوں کی موجودگی کے باعث جنوبی خیبرپختونخوا میں پولیو وائرس کی گردش کا خطرہ برقرار ہے، تاہم ملک بھر میں وائرس کی منتقلی میں مجموعی طور پر کمی آئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں 2025 کے دوران پولیو کے 31 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ ملک گیر انسداد پولیو مہم 21 سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی، جس کے دوران تقریباً 3 کروڑ 10 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔