(ویب ڈیسک) نواز شریف نے کہا کہ الیکشن 8 کو ہیں لیکن آج یہاں جشن کا سماں ہے اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے، عوام کا پہاڑ ہے، سفید داڑھی والا بھی یوتھ ہے اور ہم سب یوتھ ہیں۔
نوازشریف نے شہباز شریف کے حلقہ انتخاب کھڈیاں قصور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا شہباز شریف یہاں سے الیکشن لڑ رہے ہیں، اس کی سمجھ مجھے آرہی ہے اور یہاں جو جذبہ موجود ہے اس کی بھی سمجھ ہے، شہباز شریف کو یقین ہے کہ کھڈیاں کی تقدیر بدلنے والی ہے۔ شہباز شریف 9 کے بعد تو آئیں گے لیکن یہ بتا کر جائیں کے کھڈیاں اور کوٹ رادھاکشن کو کیا دے کر جا رہے ہوں اور ان کو کچھ دیے بغیر جانے نہیں دینا اور یہاں کی تقدیر بدل جانی چاہیے۔
نواز شریف نے کہا کہ میری حکومت ختم نہیں کی جاتی تو کوئی بھی نوجوان بے روزگار نہیں ہوتا اور یہ بات میں یقین سے کہہ رہا ہے اور دعوے کے ساتھ کہتا ہوں کہ نواز شریف کا دور جاری رہتا تو پورے ملک میں کوئی بے روزگار نہیں رہتا، یہ بات کوئٹہ، پشاور، لاہور اور کراچی کے عوام بھی سن لیں۔ہم نے بہت ٹھوکریں کھائی ہیں لیکن ہمیں ان ٹھوکروں اور مشکلوں سے باہرنکلنا، پھر ترقی کی دوڑ میں شامل ہونا ہے اور ہم نے پھر ایشین ٹائیگر بننا ہے۔
شہباز شریف وعدہ کریں کہ کھڈیاں کی سڑکیں پیرس کی سڑکوں کو مات کرے، راستہ کسی موٹروے سے کم نہیں ہونا چاہیے، کھڈیاں کا کیا قصور ہے کہ یہاں یونیورسٹی نہیں ہوسکتی؟ ان نوجوانوں کو یونیورسٹی ملنی چاہیے اور قصور کو بھی یونیورسٹی ملنی چاہیے، ان نوجوانوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ اور بہترین کمپیوٹر ہونا چاہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں اسٹیڈیم نہیں ہے تو خوب صورت اسٹیڈیم بننا چاہیے، کوٹ رادھا کشن کو بھی یہ تمام چیزیں ملنی چاہئیں، دو دن بعد جو سورج طلوع ہونے والا ہے، ان شااللہ وہ پاکستان کے لیے خوش حالی لے کر آرہا ہے، نواز شریف کے دور میں یہ دھرنوں میں مصروف تھے اور ہم لوڈ شیڈنگ ختم کرنے، موٹر ویز بنانے، لوگوں کو سستی گیس اور سستی بجلی دینے، ہم دہشت گردی ختم کرنے میں مصروف تھے، ہمارے دور میں 8 لاکھ روپے میں ٹریکٹر ملتا تھا اور آج 38 لاکھ روپے کا ملتا ہے تو کس کا دور اچھا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کسانوں کو سولر پینل بنا کر دینا ہے تاکہ ٹیوب ویل سولر پینل پر چلے، نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیں گے، لیپ ٹاپ کے ساتھ ساتھ ان شااللہ ان کو ہنر بھی سکھائیں گے اور باعزت روزگار بھی دیں گے۔’وہ 50 لاکھ گھر کہاں گئے‘?
قائد مسلم لیگ (ن) نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ انہوں نے کہا تھا 50 لاکھ گھر دیں گے، کسی کو کوئی گھر ملا، کہاں گئے وہ 50 لاکھ گھر، ایک کروڑ نوکریاں کہاں گئیں، کسی کو بھی نوکری نہیں ملی، ایک بلین ٹری کا منصوبہ کہاں گیا.
ان کا کہنا تھا کہ 350 ڈیمز کہاں گئے? کہیں ایک بھی ڈیم نظر آتا ہے، مرغیاں، انڈے، کٹے کہاں گئے? یہ سب فراڈ تھا، آج کل اتنی مہنگائی ہوگئی ہے جبکہ ہمارے زمانے میں 10 روپے میں ایک کلو سبزی ملتی تھی، 5 لاکھ روپے تک کاریں ملتی تھیں جبکہ آج 25 سے 30 لاکھ روپے کی ہوگئی ہیں، موٹرسائیکل 70 ہزار میں ملتا تھااور آج ڈھائی لاکھ روپے کا ملتا ہے۔’پاکستان کی دوبارہ تعمیر کریں گے‘
ایک تولہ سونا 50 ہزار روپے میں ملتا تھا اور آج کتنے کا ہے? ان فراڈیوں کو پاکستان میں دوبارہ آنے نہیں دینا، انہوں نے پاکستان کا ستیاناس کیا ہے، ہم ان شااللہ پاکستان کو دوبارہ اپنی ڈگر پر لائیں گے.
نواز شریف کے دور میں روٹی 4 روپے کی تھی جبکہ آج کل 20 روپے میں ایک روٹی ملتی ہے، آج ہماری مہم کا آخری جلسہ ہے اور کھڈیاں میں ہوا ہے۔