ویب ڈیسک: موسم بہار کا استقبال کرنے کے لیے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بسنت میلہ سجانے کا اعلان کیا ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس پتنگ کی بات نہیں کر رہے جو کٹ گئی ہے، بلکہ کراچی کے باغ ابن قاسم یا بے نظیر بھٹو پارک میں بسنت فیسٹیول ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بسنت کا موسم واپس آ گیا ہے اور آئندہ کچھ ہفتوں میں پتنگ بازی کا ایک بڑا فیسٹیول منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے سازشی عناصر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو خوشی دیں اور شہر کو خوبصورت بنائیں۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت صفر اور کے ایم سی 46 ارب روپے خرچ کر رہی ہے، جبکہ رواں سال شہر پر 80 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ پیپلز پارٹی کی مدد سے سندھ حکومت کراچی پر 300 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔
انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے درخواست کی کہ کراچی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ تنقید سے مسائل حل نہیں ہوتے، عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جب کام نہیں ہو رہا تھا تو تحریک عدم اعتماد کا خیال نہیں آیا، لیکن جب کے ایم سی کے اکاونٹس میں اربوں روپے آ گئے ہیں تو کچھ لوگوں کو اس پر اعتراض ہو رہا ہے۔