ویب ڈیسک: بسنت پورٹل 2027 کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہو گیا۔ پتنگ و ڈور سازوں کی جانب سے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔
بسنت کے لئے سامان کی تیاری کے لئے رجسٹریشن لازم قرار دی گئی ہے جس کے لیے اجازت نامے کا حصول جاری ہے۔ صرف این او سی جاری کردہ افراد ہی پتنگ بازی کا سامان تیار کر سکیں گے۔ ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں منظور شدہ سامان کی تیاری کی کڑی مانیٹرنگ کریں گی۔ صرف منظور شدہ سائز، ڈور کے لئے پنا اور سوتی ڈور کی اجازت ہوگی۔
مینوفیکچررز کے لائسنس کے لئے 1 ہزار روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔ صرف منظور شدہ سائز کی پتنگ اور سوتی ڈور کے بنانے کی اجازت ہوگی۔ اب پورے لاہور میں ڈور اور پتنگیں بنانے کی اجازت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے 5 زون میں مینوفیکچرنگ کا فیصلہ واپس لے لیا۔ لاہور میں اب زون کی کوئی حد مقرر نہیں ہوگی۔ مینوفیکچررز لائسنس حاصل کرنے کے بعد پورے لاہور میں کام کر سکیں گے۔ مینوفیکچررز کو ڈور اور پتنگ سازی کے لیے جگہ کی تصویر اور مکمل پتہ دینا لازمی ہوگا۔ جس مقام کی اجازت ملے گی، مینوفیکچرنگ صرف وہیں پر کی جا سکے گی۔ مینوفیکچرنگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے درخواست میں تمام تفصیلات بتانا ہونگی۔
رجسٹرڈ مینوفیکچررز ہی لاہور میں ڈور اور پتنگیں بنا سکیں گے۔ اس سے قبل شہر میں پتنگ و ڈور سازی کے لئے 5 مقامات تجویز کئے گئے تھے۔