ویب ڈیسک: بالی وڈ کے کامیڈی اداکار راج پال یادیو نے چیک باؤنس کیس میں خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، راج پال یادیو تصفیہ کی رقم کی ادائیگی نہ کرنے کی وجہ سے مشکل میں پھنس گئے ہیں۔ نئی دہلی ہائیکورٹ نے چیک ڈس آنر کے متعدد مقدمات میں دی گئی نرمی واپس لیتے ہوئے اداکار کو ہدایت کی تھی کہ وہ 4 فروری تک متعلقہ جیل سپرنٹنڈنٹ کے سامنے سرنڈر کریں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، راج پال یادیو نے عدالت کی دی گئی ڈیڈلائن کے مطابق تہاڑ جیل میں خود کو گرفتاری کے لیے پیش کیا ہے۔
اداکار کے وکیل کی جانب سے عدالت میں رقم کی ادائیگی میں نرمی کی درخواست کی گئی تھی اور 50 لاکھ روپے کی ادائیگی کے لیے ایک ہفتے کا وقت مانگا گیا تھا، تاہم عدالت نے اس درخواست کو مسترد کر دیا۔