ابھی بھی وینزویلا کا صدرہوں،اغواءکرکے امریکا لایا گیا،نکولس مادورو

ابھی بھی وینزویلا کا صدرہوں،اغواءکرکے امریکا لایا گیا،نکولس مادورو
کیپشن: ابھی بھی وینزویلا کا صدرہوں،اغواءکرکے امریکا لایا گیا،نکولس مادورو

ویب ڈیسک: وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے امریکی وفاقی عدالت میں اپنے خلاف عائد الزامات تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ ایک اچھے اور مہذب انسان ہیں، اب بھی وینزویلا کے صدر ہیں اور انہیں اغوا کر کے امریکا لایا گیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو بروکلن سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے مین ہیٹن منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں ایک بکتر بند گاڑی میں عدالت لے جایا گیا۔ عدالت میں پیشی کے دوران مادورو کو قیدیوں کا یونیفارم پہنایا گیا تھا اور وہ ہتھکڑیوں میں جکڑے ہوئے تھے، جبکہ عدالتی کارروائی ہسپانوی زبان میں سننے کے لیے انہوں نے ہیڈفون بھی استعمال کیے۔

سماعت کے دوران وفاقی جج نے مادورو سے شناخت پوچھی تو انہوں نے خود کو وینزویلا کا صدر قرار دیا۔ جج نے ان پر منشیات اسمگلنگ اور دہشت گردی سمیت مختلف الزامات عائد کیے، تاہم مادورو نے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ بے گناہ ہیں، ان کا ان معاملات سے کوئی تعلق نہیں اور انہیں زبردستی گرفتار کیا گیا ہے۔

نکولس مادورو کی اہلیہ نے بھی عدالت میں اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے بے گناہی کا اعلان کیا۔

عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت کے لیے 17 مارچ کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے مادورو اور ان کی اہلیہ کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو اتوار کے روز امریکا منتقل کرنے کے بعد نیویارک کی ایک جیل میں رکھا گیا تھا۔ امریکی حکام کے مطابق انہیں ہفتے کے روز وینزویلا میں ایک فوجی کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔

Watch Live Public News