(ویب ڈیسک )عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی مویشی منڈیوں کی رونقیں اپنے عروج پر ہیں۔ فیصل آباد کی ماڈل مویشی منڈی میں منعقدہ مقابلہ حسن میں سب کی توجہ کا مرکز بننے والا خوبصورت اور دیو ہیکل بیل " شہنشاہ" بالآخر 90 لاکھ روپے میں فروخت کر دیا گیا۔
شہنشاہ نے نہ صرف مویشی منڈی میں حسن کا تاج اپنے نام کیا بلکہ اپنی جسامت، نسل، اور خوبصورتی کی بدولت شہریوں کی توجہ کا مرکز بھی بنا رہا۔ مقابلہ حسن کے ججز نے شہنشاہ کو وزن، قد و قامت، خوبصورتی اور دیکھ بھال کے معیار پر پورا اترنے پر فاتح قرار دیا۔
بیل کے مالک کاکہناہے کہ شہنشاہ کو بچپن سے ہی خصوصی غذا اور توجہ دی گئی، جس میں بادام، دیسی گھی، مکئی، اور خصوصی ڈائیٹ شامل تھی۔ "یہ ہمارے خاندان کا فخر تھا، لیکن قربانی کی روح کو سامنے رکھتے ہوئے اسے فروخت کیا ہے۔
نئے خریدار، جو فیصل آباد کے ایک معروف کاروباری شخصیت ہیں، نے شہنشاہ کی قیمت 90 لاکھ روپے ادا کر کے اسے اپنے نام کر لیا۔
ماڈل مویشی منڈی کی انتظامیہ کے مطابق، اس سال بیوپاریوں اور خریداروں کا جوش قابل دید ہے، اور شہنشاہ جیسے بیل اس منڈی کی پہچان بن چکے ہیں۔