پیٹرول مہنگا کیوں ہوا؟ حکومت نے عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کو ذمہ دار قرار دیدیا

پیٹرول مہنگا کیوں ہوا؟ حکومت نے عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کو ذمہ دار قرار دیدیا
کیپشن: پیٹرول مہنگا کیوں ہوا؟ حکومت نے عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کو ذمہ دار قرار دیدیا

ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے حالیہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ عالمی منڈی میں پیٹرول مہنگا ہونے کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں کا تعین بین الاقوامی مارکیٹ کے نرخوں کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس کے اثرات پاکستان پر بھی پڑے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں پیٹرول کی قیمتیں سعودی آرامکو کے خام تیل کے نرخوں کے بجائے عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی اوسط قیمت کے مطابق مقرر کی جاتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ رواں ہفتے عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت 88 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی، جبکہ 27 فروری 2026 کو یہ قیمت 76 ڈالر فی بیرل تھی۔ ان کے مطابق جنگ سے قبل کے مقابلے میں عالمی مارکیٹ میں پیٹرول تقریباً 12 ڈالر فی بیرل مہنگا ہو چکا ہے۔

وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی ضرورت کا تقریباً 70 فیصد پیٹرول درآمد کرتا ہے، جس پر خریداری کے علاوہ مال برداری، انشورنس اور دیگر اخراجات بھی شامل ہوتے ہیں۔ اسی لیے مقامی قیمتوں کا جائزہ لیتے وقت خام تیل کے بجائے عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

علی پرویز ملک نے مزید بتایا کہ اس وقت پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی اور کاربن سپورٹ لیوی ملا کر 85 روپے فی لیٹر وصول کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ حکومتی مقررہ لیویز ہیں اور عالمی مالیاتی وعدوں کے مطابق نافذ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 27 فروری 2026 کو دونوں لیویز ملا کر 86 روپے 90 پیسے فی لیٹر تھیں، اس لیے موجودہ لیویز جنگ سے پہلے کے مقابلے میں تقریباً 2 روپے کم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت کا تعین عالمی منڈی میں روزانہ کی بنیاد پر نرخوں کی اوسط نکال کر کیا جاتا ہے، اس لیے کسی ایک دن یا صرف خام تیل کی قیمت کو بنیاد بنا کر مقامی قیمتوں کا درست اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔

وزیر پیٹرولیم نے یقین دہانی کرائی کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی آنے کی صورت میں اس کا مکمل فائدہ پاکستانی صارفین کو منتقل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے یہ تاثر دینا درست نہیں کہ حکومت جان بوجھ کر پیٹرول مہنگا کرتی ہے۔

Watch Live Public News