پاکستان دوسری ابھرتی معیشت قرار،ڈیفالٹ رسک میں بھی کمی، بلومبرگ رپورٹ

پاکستان دوسری ابھرتی معیشت قرار،ڈیفالٹ رسک میں بھی کمی، بلومبرگ رپورٹ
کیپشن: پاکستان دوسری ابھرتی معیشت قرار،ڈیفالٹ رسک میں بھی کمی، بلومبرگ رپورٹ

ویب ڈیسک: امریکی مالیاتی جریدے بلوم برگ نے پاکستان کو دنیا کی دوسری سب سے ابھرتی ہوئی معیشت قرار دے دیا ہے، جس کے مطابق ملک کے ڈیفالٹ رسک (دیوالیہ ہونے کے خدشات) میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جنہوں نے گزشتہ چار سہ ماہیوں میں اپنی مالی ساکھ بہتر بناتے ہوئے اقتصادی استحکام حاصل کیا۔ جون 2024 سے ستمبر 2025 کے دوران پاکستان نے ایسی معاشی کارکردگی دکھائی جو کئی بڑی ابھرتی ہوئی معیشتیں بھی حاصل نہ کر سکیں۔

بلوم برگ کے تجزیے کے مطابق پاکستان نے ڈیفالٹ کے خطرات میں کمی کے لحاظ سے دنیا بھر میں دوسرا اور ترکیہ کے بعد نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ یہ پیشرفت اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ پاکستان نے مالی نظم و ضبط، ڈھانچہ جاتی اصلاحات (Structural Reforms)، قرضوں کی بروقت ادائیگی اور آئی ایم ایف پروگرام پر بھرپور عملدرآمد کے ذریعے عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ بلوم برگ کی یہ رپورٹ بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے، جو اس امر کی تصدیق کرتی ہے کہ پاکستان اپنی اقتصادی پالیسیوں میں تسلسل برقرار رکھے ہوئے ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مالی شفافیت، پالیسی کے تسلسل اور بین الاقوامی وعدوں کی پاسداری نے نہ صرف معیشت کو استحکام دیا بلکہ عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ کیا ہے۔
یہ بہتری اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان اب ایک پائیدار معاشی سمت کی جانب بڑھ رہا ہے اور اس کی معیشت ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہے۔

Watch Live Public News