(ویب ڈیسک ) سفارتی ذرائع کے مطابق افغانستان پر چہار ملکی اجلاس آج ماسکو میں منعقد ہو گا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کی صورتحال پر پاکستان، ایران، روس اور چین چہار ملکی اجلاس میں سر جوڑ کر بیٹھیں گے، اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نمائندہ خصوصی محمد صادق خان کریں گے۔
سفارتی ذرائع کےمطابق چہار ملکی اجلاس میں افغانستان کی صورتحال، علاقائی سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی پر خصوصی بات چیت کی جاے گی،اجلاس میں شریک ممالک کی جانب سے افغانستان میں کسی بیرونی غیر ملکی اڈے کے قیام کی مخالفت کی تجدید کی جائے گی۔
سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ چہار ملکی اجلاس میں 1988 کے پابندیوں کے نظام میں زمینی حقائق کے تناظر میں ایڈجسٹمنٹ کی ضرورت پر زور دیا جاے گا،چاروں ممالک طالبان راہنماؤں کے سفری استثنی کے معاملے پر دوہرے معیار کے حوالے سے بھی بات چیت کریں گے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی برادری سے افغانستان کے لیے ہنگامی انسانی ہمدردی کی امداد بڑھانے کا مطالبہ کیا جاے گا، پاکستان اجلاس میں افغانستان کی سرزمین پر دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا معاملہ اٹھاے گا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق محمد صادق افغانستان پر کالعدم دہشت گرد گروہوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کریں گے، افغانستان سے دہشت گردوں کی بھرتیوں، اسلحہ فراہمی و رسائی اور فنڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا جاے گا۔ پاکستان افغانستان میں کالعدم بی ایل اے، ٹی ٹی پی، جیش العدل کی محفوظ پناہ گاہوں، تربیتی مراکز اور انفراسٹرکچر کے خاتمے کا مطالبہ کرے گا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ چاروں ممالک، باہمی علاقائی منسلکی،انسداد منشیات، انسداد اسمگلنگ، ترقیاتی منصوبوں، انسانی حقوق بالخصوص خواتین، بچوں کے حقوق کی بحالی اور لڑکیوں کی تعلیم و روزگار پر زور دیں گے۔ پاکستان، روس، چین اور ایران افغانستان میں جامع اور وسیع البنیاد حکومت کے قیام پر بھی زور دیں گے، پاکستان افغان مہاجرین کی جلد از جلد و باعزت واپسی پر بھی زور دے گا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق چاروں ممالک افغانستان کے منجمد شدہ بین الاقوامی اثاثہ جات کی بحالی پر بھی زور دیں گے، افغان حکومت کے ساتھ سفارتی تعلقات میں مزید بہتری پر بھی بات چیت کی جاے گی، چین کی نمائندگی خصوصی ایلچی برایے افغانستان یوی ژاو ینگ کریں گے، اجلاس میں ایرانی نمائندہ خصوصی رضا بہرامی ایران کی نمائندگی کریں گے جبکہ روس کی نمائندگی خصوصی ایلچی ضمیر کابلوو کریں گے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان پر حالیہ چہار ملکی (وزرائِے خارجہ) اجلاس 25 ستمبر کو نیویارک میں منعقد ہوا تھا۔28 ستمبر کو نمائندہ خصوصی محمد صادق خان نے افغانستان کی صورتحال پر مشاورت کے لیے ایران کا دورہ بھی کیا،
دورے میں محمد صادق نے ایرانی نمائندہ خصوصی رضا بہرامی اور ان کے ٹیم سے بھی مذاکرات کیے تھے، پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ کے درمیان بھی متعدد رابطے ہو چکے ہیں۔