ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین پر واضح کیا ہے کہ اگر انہوں نے گوگل پر عائد جرمانہ واپس نہ لیا تو اُن کو بڑی اقتصادی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے یورپی یونین کے جرمانے کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر گوگل پر عائد جرمانہ واپس نہ ہوا تو یورپی یونین کیخلاف بڑی کارروائی شروع کی جائے گی جس کے نتیجے میں یورپ پر مزید محصولات لگ سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم امریکی کمپنیوں کی شاندار اور بے مثال اختراعات کو یورپی تعزیرات کے تحت کچلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو مجھے دفعہ 301 کے تحت کارروائی کرنی پڑے گی۔ تاکہ ان غیر منصفانہ سزاؤں کو کالعدم کیا جا سکے۔
صدر ٹرمپ نے یورپی یونین پر الزام لگایا کہ وہ اس طرح کی کارروائیوں کے ذریعے سرمایہ اور ملازمتیں چھین رہی ہے۔
خیال رہے کہ گوگل پر یورپی یونین کی جانب سے 3.5 بلین ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔