(ویب ڈیسک ) پاور ڈویژن نے ڈسکوز سے بجلی چوری نہ ہونے کے بیان حلفی طلب کر لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن نے نئے احکامات تمام ڈسکوز کو بھجوا دیے ہیں ۔جس میں ایس ایز، ایکس ای این ، ایس ڈی اوز اور لائن مین کو بیان حلفی جمع کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بیان حلفی میں لکھا جائے کہ انکے علاقے میں بجلی چوری نہیں ہے، افسران اور عملہ کو میٹر پر بجلی چوری ثابت ہونے پر برطرف کیا جا سکے گا۔
پاور ڈویژن حکام کے مطابق آئی ایم ایف نے بجلی چوری روکنے کیلئے سخت اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
نیپرا رپورٹ کے مطابق ڈسکوز کیلئے 12 فیصد لائن لاسز کی حد مقرر ہے، ڈسکوز کے لائن لاسز 16.7 فیصد سے زائد ہیں، ڈسکوز نے گزشتہ مالی سال صرف لائن لاسز میں 166 ارب روپے کا نقصان کیا۔
پاور ڈویژن حکام کا کہنا ہے کہ ایک فیصد لائن لاسز پر 3 ارب روپے سالانہ کا نقصان ہوتا ہے۔حکام نے بتایا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کو بجلی چوری پر نئے اقدامات کی یقین دہانی کروائی ہے۔