ویب ڈیسک: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعلقات میں ایک اور تاریخی سنگ میل عبور ہوا ہے۔ دونوں ممالک کے دفاعی تعاون کے تحت، آئیڈیاز 2026 کی اسپیس لانچ پاکستان میں نومبر 2026 میں منعقد کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق، اس تاریخی پیشرفت کے تحت سعودی عرب اور پاکستان کے دفاعی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور اس موقع پر جدید فوجی ٹیکنالوجی اور دفاعی ترقیاتی منصوبوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
اسپیس لانچ کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی کی منتقلی، مشترکہ منصوبوں کی تکمیل اور دفاعی تعاون کے نئے افق کھولنا ہے۔
ورلڈ ڈیفنس شو 2026 ریاض میں 8 تا 12 فروری تک منعقد ہوگا، جس میں دنیا بھر کے ممالک اپنی جدید فوجی ٹیکنالوجی اور ہتھیاروں کی نمائش کریں گے۔ اس شو میں آئیڈیاز کا اسپیس لانچ، پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی شعبے میں بڑھتے ہوئے تعلقات اور مشترکہ کوششوں کا غماز ہوگا۔
پاکستان کی ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (DEPO) کی کاوشیں پاکستان کے دفاعی وقار کو عالمی سطح پر مزید مستحکم کر رہی ہیں، اور اس سے پاکستان کی دفاعی صنعت کی عالمی سطح پر پہچان میں اضافہ ہو رہا ہے۔