اسلام آباد حملے کا ماسٹر مائنڈ داعش سے تعلق رکھتا ہے، ہماری حراست میں ہے: محسن نقوی

اسلام آباد حملے کا ماسٹر مائنڈ داعش سے تعلق رکھتا ہے، ہماری حراست میں ہے: محسن نقوی
کیپشن: اسلام آباد حملے کا ماسٹر مائنڈ داعش سے تعلق رکھتا ہے، ہماری حراست میں ہے: محسن نقوی

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں پیش آنے والے حالیہ حملے کا ماسٹر مائنڈ کالعدم داعش سے تعلق رکھتا ہے اور اس وقت سیکیورٹی اداروں کی حراست میں ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ واقعہ کے سہولت کاروں سمیت تمام مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی جبکہ حملہ آور کو وہیں تربیت دی گئی، جس کے شواہد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس موجود ہیں۔

وزیر داخلہ کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد پشاور اور نوشہرہ میں کارروائیاں کی گئیں اور سی ٹی ڈی سمیت تمام اداروں نے مشترکہ طور پر کارروائی کی۔ انہوں نے بتایا کہ چھاپوں کے دوران خیبر پختونخوا پولیس کا ایک اہلکار شہید جبکہ چند اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان حالتِ جنگ میں ہے اور دہشت گردی کے خلاف کمیونٹی انٹیلی جنس انتہائی اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے 21 دہشت گرد تنظیمیں آپریٹ کر رہی ہیں اور سیکیورٹی اداروں نے متعدد ممکنہ حملے ناکام بنائے۔

وزیر داخلہ نے الزام عائد کیا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی مالی معاونت بھارت کر رہا ہے اور مئی میں ہونے والی شکست کے بعد بھارت نے دہشت گردی کا بجٹ تین گنا بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کی فنڈنگ کے شواہد موجود ہیں۔

محسن نقوی نے بتایا کہ اسلام آباد دھماکے کے بعد مزید چار دہشت گرد گرفتار کیے گئے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر دہشت گردی سے منسلک اکاؤنٹس کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔

آخر میں وزیر داخلہ نے اعتراف کیا کہ سیکیورٹی نظام کو جدید بنانے کی ضرورت ہے اور اسلام آباد پولیس کو وسائل اور افرادی قوت کے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔

Watch Live Public News