حکومت  کی  ڈیڑھ لاکھ خالی اسامیاں ختم کردی ہیں ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

حکومت  کی  ڈیڑھ لاکھ خالی اسامیاں ختم کردی ہیں ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

(ویب ڈیسک )و فاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ    کوشش ہے کہ بتدریج ان اداروں کو ختم کیا جائے، 60 فیصد خالی اسامیوں کو ختم کر دیا گیا ہے، یہ تعداد تقریباً ڈیڑھ لاکھ بنتی ہے۔  خدمات سے متعلق اسامیوں کو آؤٹ سورس کر رہے ہیں۔

محمد اورنگزیب نے  اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا  کہ معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، سرکاری اخراجات میں کمی کے اقدامات کر رہے ہیں۔  جون 2024ء میں وزیرِ اعظم نے ایک کمیٹی بنائی تھی جو وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ سے متعلق تھی۔جن اداروں کی افادیت نہیں رہی انہیں برقرار رکھیں یا نہیں؟ اس پر کام ہو رہا ہے، 43 وزارتوں اور ان کے 400 محکموں کی افادیت اور انہیں برقرار رکھنے یا نہ رکھنے پر کام کر رہے ہیں، ایک وقت میں 5 سے 6 محکموں کو ختم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ  کمیٹی کے ٹی او آرز کا مقصد وفاقی حکومت کے اخراجات میں کمی لانا تھا، کمیٹی کا اسکوپ 45 وزارتیں تھیں جس میں 400 منسلک ادارے تھے، پچھلے سالوں میں بھی یہ کوشش کی گئی کہ وفاقی حکومت کا حجم کم کیا جائے۔

وزیر خزانہ کا  کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا کہ وفاقی حکومت کا حجم بتدریج کم کریں، ایف بی آر میں اصلاحات کا عمل آگے بڑھا رہے ہیں، اثاثوں اور انسانی وسائل کا کیا کرنا ہے اس پر بھی تفصیلی غور کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  ابھی میں نے 15 سے 16 وزارتوں کی بات کی ہے، ہمارے پاس اگلے 6 مہینے ہیں، جون 2025ء تک 42 وزارتوں اور ان کے اداروں میں رائٹ سائزنگ کا کام مکمل کر لیں گے۔ ایک وزارت تو ہم نے ختم کر دی ہے، رواں سال 30 جون سے قبل 42 وزارتوں اور ملحقہ اداروں کا کام مکمل کر لیں گے، پہلے 6 ماہ میکرو اکنامک استحکام پر فوکس کیا، ابھی ہم میکرو اکنامک استحکام میں بہترین جگہ پر ہیں۔

محمد اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ  اب ہمارا فوکس مستحکم گروتھ کی طرف ہے، پہلے بھی کئی بار وفاقی حکومت کے حجم کو کم کرنے کی کوششیں کی گئیں، وفاقی حکومت کے 900 ارب کے خرچ کو کم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، اسپتالوں کو وفاقی حکومت کے پاس رکھنے کی کیا وجہ ہے، اسپتالوں کو صوبوں کو دے دینا چاہیے، ہم یہ بتا رہے ہیں کہ ہم کیا کر چکے ہیں اور آگے کیا کرنے جا رہے ہیں۔

Watch Live Public News