ویب ڈیسک: ملائیشیا کے 100 سالہ سابق وزیراعظم مہاتیر محمد گھر میں گر کر زخمی ہوگئے، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مہاتیر محمد منگل کو اپنے گھر کی بالکونی سے کمرے کی جانب جاتے ہوئے گر گئے۔ ان کے معاون صوفی یوسف کے مطابق، انہیں فوری طور پر نیشنل ہارٹ انسٹیٹیوٹ کوالالمپور منتقل کیا گیا۔
طبی معائنے کے دوران یہ تصدیق ہوئی کہ ان کے دائیں کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے۔ ڈاکٹرز نے انہیں چند ہفتوں تک اسپتال میں داخل رکھنے کی تجویز دی ہے۔
ملائیشیا کے موجودہ وزیراعظم انور ابراہیم اور ان کی اہلیہ نے مہاتیر محمد کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔
یاد رہے کہ مہاتیر محمد حالیہ برسوں میں مختلف صحت کے مسائل کا شکار رہے ہیں، جن میں دل کی سرجری اور اسپتال میں داخل ہونے کے واقعات شامل ہیں۔