وہاڑی: ضلعی انتظامیہ نے پالتوکتوں کی رجسٹریشن لازمی قرار دے دی

وہاڑی: ضلعی انتظامیہ نے پالتوکتوں کی رجسٹریشن لازمی قرار دے دی
کیپشن: وہاڑی: ضلعی انتظامیہ نے پالتوکتوں کی رجسٹریشن لازمی قرار دے دی

ویب ڈیسک: ضلع وہاڑی میں کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام پالتو کتوں کی رجسٹریشن لازمی قرار دے دی ہے، جبکہ مالکان کو اپنے جانوروں کی مکمل ذمہ داری کا پابند بنایا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورایا نے حالیہ دنوں میں کتوں کے حملوں میں اضافے کے بعد یہ احکامات جاری کیے۔ ان واقعات میں بچوں اور بزرگوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے، جبکہ ایک افسوسناک واقعے میں ایک معمر خاتون جان کی بازی ہار گئیں۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق میلسی تحصیل میں آوارہ کتوں کے حملے کے نتیجے میں نذیراں بی بی نامی بزرگ خاتون جاں بحق ہوئیں، جبکہ ایک کمسن لڑکا زوہیب شدید زخمی ہوا۔

نئے فیصلے کے تحت ضلع بھر میں تمام پالتو کتوں کی رجسٹریشن کی جائے گی اور ان کے مالکان کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ مالکان اس بات کے بھی پابند ہوں گے کہ اپنے کتوں کو حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی پالتو کتے کے کاٹنے سے کوئی شہری متاثر ہوا تو متعلقہ مالک کے خلاف پولیس کے ذریعے فوجداری مقدمہ درج کیا جائے گا۔

دریں اثنا میلسی تحصیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تین روزہ مہم کے دوران 100 سے زائد آوارہ کتوں کو تلف کیا گیا۔ یہ کارروائی ضلعی کونسل، لوکل گورنمنٹ اور ستھرا پنجاب کی ٹیموں نے مشترکہ طور پر انجام دی۔

Watch Live Public News