ویب ڈیسک: حکومت نے آئی ایم ایف کے قرض پروگرام کے اسٹرکچر میں ممکنہ تبدیلیوں پر غور شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد معاشی نمو میں اضافہ، غربت اور بے روزگاری میں کمی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف پروگرام میں ممکنہ ترامیم سے متعلق تجاویز تیار کر لی ہیں۔ حکومت تیسرے سال میں معاشی گروتھ کو فروغ دینے اور عوامی مشکلات میں کمی لانے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کر رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف سے پرائمری بیلنس اور صوبائی بجٹ سرپلس کے اہداف میں نرمی کی درخواست کر سکتی ہے تاکہ معیشت کو درست سمت میں رکھتے ہوئے عوام کو فوری ریلیف دیا جا سکے۔
وزارت خزانہ کے مطابق ان تجاویز میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ، غربت اور بے روزگاری میں کمی کے اقدامات کے ساتھ ساتھ پالیسی ریٹ میں ممکنہ کمی بھی شامل ہے۔ حکومت ان سفارشات کو آئی ایم ایف کے سامنے رکھ کر قرض پروگرام میں سہولت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ تمام تجاویز عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے کے تناظر میں مرتب کی گئی ہیں۔