ویب ڈیسک: امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایلون مسک کی جانب سے نئی سیاسی جماعت بنانے کے اعلان کو " مضحکہ خیز" قرار دے کر مسترد کر دیا۔
حال ہی میں ٹیسلا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" کے مالک ایلون مسک نے امریکہ میں ایک نئی سیاسی جماعت "امریکا پارٹی" کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ اپنی ایکس پوسٹ میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ جماعت امریکیوں کو ان کی "آزادی واپس دلانے" کے لیے قائم کی گئی ہے۔
تاہم اتوار کے روز نیو جرسی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے اس اعلان کو غیر سنجیدہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "میرا خیال ہے تیسری پارٹی بنانا ایک فضول اور الجھن پیدا کرنے والا خیال ہے۔ اگر ایلون چاہیں تو وہ ایسا کر سکتے ہیں، مگر میرے نزدیک اس کی کوئی ضرورت نہیں۔"
اس گفتگو کے دوران ٹرمپ نے بین الاقوامی امور پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی تنظیم حماس کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے امکانات موجود ہیں اور اس ہفتے کچھ یرغمالیوں کی رہائی متوقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ نیتن یاہو اور ایران کے ساتھ مستقل معاہدے پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
سابق صدر نے بتایا کہ وہ جمعہ کو ممکنہ طور پر سیلاب زدہ ریاست ٹیکساس کا دورہ کریں گے تاکہ متاثرین سے ملاقات کی جا سکے۔
یاد رہے کہ ایلون مسک، ٹرمپ کی سابقہ انتخابی مہم کے اہم ترین حامیوں میں شامل تھے اور انہیں ٹرمپ حکومت میں محکمہ برائے حکومتی کارکردگی (DOGE) کا سربراہ بھی مقرر کیا گیا تھا، تاہم کچھ عرصے بعد انہوں نے استعفیٰ دے دیا اور دونوں شخصیات کے درمیان اختلافات پیدا ہو گئے۔