ویب ڈیسک: اسلام آباد میں تھانہ کھنہ پولیس کی کارروائی، اپنے آپ کو سرکاری ملازم ظاہر کرکے شہریوں کو لوٹنے اور گینگ ریپ کے مقدمات میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈی آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان راولپنڈی میں چوری اور راہزنی کے 28 مقدمات جبکہ تھانہ کھنہ کے 05 مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں۔
گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ کھنہ اور تھانہ کورال میں شہریوں کو اغواء کرکے لوٹنے اور گینگ ریپ کے دو مقدمات درج ہیں۔
گرفتار ملزمان اسلحہ کی نوک پر شہریوں کو اغواء کرکے لوٹنے اور گینگ ریپ کی وارداتوں میں ملوث تھے۔، ملزمان کی شناخت عمر مبارک اور شیراز کے ناموں سے ہوئی ہے ۔
گرفتار ملزمان کے قبضہ سے چھینے گئے موبائل فون ، نقدی ،وارداتوں میں استعمال ہونے والا مو ٹر سائیکل اور اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد ہوا۔
ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کا کہنا تھا کہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے،منظم اور متحرک گینگز کے خلاف بڑے پیمانے پر کاروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔