ویب ڈیسک: لاہور کے علاقہ شاہدرہ ٹاؤن میں آج افسوس ناک حادثہ پیش آیا جہاں کم عمر ڈرائیور نے ایک شخص کو جاں بحق کردیا جبکہ اُس کے بھائی سمیت 3 راہگیروں کو زخمی کردیا، حادثہ کے ذمہ دار کم عمر ڈرائیور سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں، گاڑی کس کی نکلی؟ مالک نے کیا انکشافات کئے؟ پبلک نیوز نے اہم حقائق حاصل کرلئے۔
تفصیلات کے مطابق کم عمر ڈرائیور کے زیر استعمال گاڑی مکان مالک کی نکلی، ملزم حاشر اپنی نانی کے ساتھ اعجاز نامی شخص کے گھر کرایے پر رہائش پذیر ہے، مالک مکان کا کہنا تھا کہ حاشر چوری اُس کی گاڑی کی چابی لے کر گیا۔
پبلک نیوز نے حقائق بتاتے ہوئے کہا کہ یہ گاڑی اُس کے والدین یا ماموں کی نہیں بلکہ مالک مکان کے بیٹے کی ہے، مالک مکان نے نمائندہ پبلک نیوز کو بتایا کہ حاشر اپنی نانی کے ساتھ گزشتہ 6 ماہ سے اُس کے مکان میں رہائش پذیر ہیں، حاشر نے جب باہر نکلنا چاہا تو مالک مکان کے کمرے میں آکر اُس نےگاڑی کی چابی اٹھائی، اور بتائے بغیر ہی گھر سے نکل گیا۔
ملزم حاشر سے گاڑی بے قابو ہوگئی جس کے نتیجے میں امین نامی نوجوان جاں بحق جبکہ اُس کا بھائی شدید زخمی ہوا، حادثے میں تین راہگیر بھی زخمی ہوئے ہیں۔
گاڑی کے مالک نے نمائندہ پبلک نیوز کو یہ بھی بتایا کہ وہ ایک نجی میڈیشن کمپنی میں کام کرتا ہے اور کمپنی کے نام ہی یہ گاڑی تھی، حاشر جب گاڑی کی چابی لے کر گیا تب وہ گھر موجود نہیں تھا۔
معاملے کے اندر نیا موڑ یہ آیا ہے کہ پہلے یہ بتایا جارہا تھا کہ یہ گاڑی بچے کے والدین کی ہے۔
12 سالہ حاشر کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، پولیس کی جانب سے واقعہ کا مقدمہ 322 کی دفعہ کے تحت درج کیا گیا، جس میں حادثاتی موت کی دفعہ شامل کی گئی ہے، حادثے میں جابحق ہونے والے شخص کے اہلخانہ نے احتجاج کیا اور انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔